وفاقی بجٹ:ترقیاتی فنڈزکیلئے پی پی نے سفارشات پیش کر دیں

 وفاقی بجٹ:ترقیاتی فنڈزکیلئے پی پی نے سفارشات پیش کر دیں

صو بائی فنڈز ،عوامی منصوبے شامل ،حکومت نے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا سپیکر کی رہائشگاہ پر اہم بیٹھک، بجٹ تجاویز پر مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نئے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی منظوری کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان رابطے جاری ہیں ، سپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں فریقین کے درمیان سہولت کار کا کردار ادا کیا اس حوالے سے ان کی رہائشگاہ  پر حکومتی اور پیپلز پارٹی رہنمائوں کی بیٹھک بھی ہوئی۔مذاکرات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیری ر حمن ، سلیم مانڈوی والا اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے شرکت کی اور وفاقی حکومت کو ترقیاتی منصوبوں اور صوبائی فنڈز سے متعلق تجاویز پیش کیں ،حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سپیکر ایاز صادق، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر نے کی۔ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی بجٹ کمیٹی نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کر دی ہیں، جن میں صوبوں کے ترقیاتی فنڈز اور عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں اس حوالے سے حکومت کمیٹی نے تجاویز پر مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ،تاہم دونوں فریقین نے بجٹ تجاویز پر مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں