ایران امریکا کی دھمکیوں کو سنجیدہ نہیں لیتا:نجم سیٹھی
ٹرمپ اب بھی دھمکی دے رہا ڈیل نہ ہوئی تو بمباری کرونگا:تجزیہ کار معاہدہ اسرائیل کیلئے شکست :پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرتجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے دو باتیں کہی ہیں ایک تو یہ کہ اس معاہدے کے اندر ایران کہتا ہے امریکی فوج یہاں سے نکل جائے گی،ٹرمپ نے کہا ہے صرف تیس میل امریکی فوج دور ہٹے گی ، جب تک فائنل نہیں ہوتا ہم اپنی فوج کو وہاں سے نہیں نکالیں گے ،کہنے کا مطلب یہ ہے صدر ٹرمپ ابھی بھی دھمکی دے رہا ہے اگر ڈیل نہیں ہوئی تو بمباری کروں گا،مگر ایران اس دھمکی کو سیریس نہیں لیتا۔دنیا نیوز کے پروگرام ''آج کی بات سیٹھی کے ساتھ''میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ایران یہی کہہ رہا ہے جو کرنا ہے کرلو، ہم جنگ کیلئے تیار ہیں، صدر ٹرمپ ایسی باتیں کرکے یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ ہم جنگ ہا ر نہیں رہے کیونکہ الزام لگنے شروع ہو گئے امریکا کو شکست ہو گئی۔
صدر ٹرمپ عوام کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہمیں شکست ہوئی اس وجہ سے سارا دن دھمکیاں دیتا ہے ، دوسری طرف ایران بھی ہارڈ لائن لے لیتا ہے ،ایک طرف دونوں ملک آگے بڑھ رہے ہیں تو دوسری طرف دونوں دیکھ رہے ہیں کہ عوام کو ہم کیا بتائیں گے ،اس لئے یہ لوگ کبھی چین جارہے اور کبھی روس سے بات کی جارہی ،ایران کے اندر بڑا اتحاد ہے وہ فیصلے کرلیں گے ، مگر صدر ٹرمپ کیلئے بڑے مسائل ہیں ،اس جنگ میں سب سے بڑی شکست اسرائیل کی ہے ،اب بھی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یا ہو کی پوری کوشش ہو گی کہ متوقع معاہدہ سبوتاژ کیا جائے ، ڈیل میں ایک شق یہ ہے کہ سیزفائر سارے علاقوں میں ہو گا،اگر اسرائیل امریکا کو انکار کردیتا ہے کہ لبنان میں کارروائیاں جاری رکھیں گے تو امریکا اسے امداددینا بند کرسکتا ہے ،اگر صدر ٹرمپ نے ہتھیار دینا بند کردیے تو نیتن یاہو اڑ جائے گا،اسرائیل کا گریٹر اسرائیل ایجنڈا ہے اس کو بڑا دھچکا ملے گا۔