مبینہ مغوی خواتین و زیر حراست افراد کوپیش کرنے کا حکم

 مبینہ مغوی خواتین و زیر حراست افراد کوپیش کرنے کا حکم

مغوی بازیاب نہ ہوئے تو آئی جی پنجاب خود وضاحت دینگے :لاہور ہائیکورٹ عدالتی احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کیا جائے گا:اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل

لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے مبینہ مغوی خواتین و دیگر زیر حراست افراد کو بازیاب کر کے آئندہ سماعت پر پیش کرنیکا حکم دیدیا،عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مغوی بازیاب نہ ہوئے تو آئی جی پنجاب عبد الکریم یکم جون کو ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہو کر وضاحت دیں گے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار کے قریبی رشتہ داروں کو پولیس نے غیر قانونی حراست میں لیا جبکہ دورانِ حراست دو افراد کو مبینہ  پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا۔ وکیل وفاقی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کر رہی ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کافی عرصے سے کیس زیر سماعت ہے مگر مبینہ مغوی اب تک بازیاب کیوں نہیں ہو سکے ؟۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ستار ساحل نے یقین دہانی کرائی کہ عدالتی احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کیا جائے گا۔ ڈی ایس پی نے موقف اختیار کیا کہ مدعی مقدمہ مبینہ مغویوں کی بازیابی کیلئے تعاون نہیں کر رہے ۔ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں