منشیات ، دیگر برائیوں سے بچانے کیلئے کھیلیں ضروری :گورنر
کھیلیں نئی نسل میں صلاحیتیں اجاگر کرتیں ، گورنر ؛ پنجاب فٹبال ٹورنامنٹ پر خطاب پاک بحریہ کے کھلاڑیوں، عملہ کو جیت پر مبارکباد پیش ،فاتح ٹیم کو ونر کپ سے نوازا
لاہور (سپیشل رپورٹر)نوجوان نسل کو منشیات اور دیگر برائیوں سے بچانے کیلئے کھیلوں کے میدان آباد کرنا ضروری ہیں ۔کھیلیں نوجوانوں میں مثبت صلاحیتیں اجاگر کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے فتح جنگ ضلع(اٹک)میں آل پاکستان گورنر پنجاب نائٹ فٹبال ٹورنامنٹ کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔ گورنر نے کہا فٹبال کے فروغ اور نئی نسل کو کھیل کے میدان میں لانے کیلئے منتظمین تعریف کے مستحق ہیں۔ اُنہوں نے اس موقع پر پاک بحریہ کے کھلاڑیوں اور سٹاف کو جیت پر مبارکباد پیش کی اور فتح جنگ یونائٹیڈکلب کے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کو سراہا۔ گورنر نے اختتامی تقریب میں فاتح ٹیم کو ونر کپ سے نوازا۔ اس موقع پر گورنر کے بیٹے فیضان حیدر خان، سینئر نائب صدر پی پی ضلع اٹک ظہیر خان ، راجہ سلیم، تیمور خان،سہیل اختر اور عدیان سمیت شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔