چیئرمین واپڈا کا تربیلا ڈیم کا دورہ، توسیعی پن بجلی منصوبے کاجائزہ
پانچویں منصوبے پر تعمیراتی پیشرفت اور چوتھے کی لو لیول آؤٹ لیٹ ٹیسٹنگ کا مشاہدہ تعمیراتی اہداف مزید تاخیر کے بغیر حاصل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت
لاہور(اپنے کامرس رپورٹرسے)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر)سعیدنے تربیلا ڈیم کا دورہ کیا اور پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر تعمیراتی پیشرفت اور چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی لو لیول آؤٹ لیٹ کی ٹیسٹنگ کا جائزہ لیا ۔ چیئرمین ارسا امجد سعید، تکنیکی کمیٹی ارکان، ممبر واٹر و پاور واپڈا بھی ہمراہ تھے ۔پراجیکٹ حکام نے ان ٹیک سٹرکچر، کنیکٹنگ ٹنل، پاور ہا ئو س، ٹیل ریس اور سوئچ یارڈ سائٹس پر پیشرفت بارے بریفنگ دی ۔ چیئرمین واپڈا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ منصوبہ مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جا سکے ۔بعد ازاں چیئرمین واپڈا کو تربیلا اور خانپور ڈیم کے آپریشن اور میٹننس سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم ابتک چاروں صوبوں کو زرعی مقاصد کیلئے ذخیرہ پانی سے 419 ملین ایکڑ فٹ پانی اور نیشنل گرڈ کو 586 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرچکاہے۔
تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے سے بھی نیشنل گرڈ کو 33 ارب یونٹ بجلی فراہم کی جا چکی ہے ، تربیلا ڈیم 1974سے ابتک پاکستان کی اقتصادیات کو 460 ارب ڈالر کا فائدہ پہنچا چکا ہے ۔ایک ہزار 530 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا پانچواں توسیعی منصوبہ ورلڈ بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی فنڈنگ سے تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ ورلڈ بینک 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین بینک 300 ملین ڈالر مہیا کررہا ہے ۔ منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہوجائیگی۔