عالمی امن کیلئے پاکستان کی خدمات جاری رہیں گی:صدر /وزیراعظم
یو ا ین امن مشن بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے کا اہم ذریعہ، زرداری کثیر الجہتی سفارت کاری ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے ، شہبازشریف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں مشکل حالات میں خدمات سرانجام دینے والے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے ،ہم ان 183 پاکستانی اہلکاروں کی شجاعت اور لگن کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی ، بڑھتی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کے اس دور میں اقوام متحدہ کا امن مشن بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کا اہم ذریعہ ہے ، پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لئے اپنی خدمات کا بھرپور اعادہ اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لئے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے تمام امن دستوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، یو این امن دستوں کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے توسط سے عالمی امن کو مزید موثر کرنے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے ،آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر امن کے سپاہیوں کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ہر سال یہ دن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے عسکری، پولیس اور سویلین دستوں کی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں منایا جاتا ہے ،پاکستان کا یہ تعاون عالمی امن و استحکام اور کثیر الجہتی سفارت کاری پر ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے ۔