آندھی، بارش، ژالہ باری، موسم خوشگوار، متعدد فیڈر ٹرپ، گھنٹوں بجلی غائب
سیدوالا میں دیوار گرنے سے 30سالہ سدرہ جاں بحق ، پتوکی میں چھت ،لاہور میں رکشہ پر دیوارگرگئی ،کئی زخمی لاہور میں 44.5ملی میٹرتک بارش ،ٹریفک روانی متاثر ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر واسا الرٹ ،تمام عملہ،مشینری متحرک
لاہور،سیدوالا،قصور (اپنے کامرس رپورٹر سے، نمائندگان دنیا)پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی،بارش اورژالہ باری کے باعث حادثات پیش آئے ،گھر کی دیوار گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور بچے سمیت 3افراد زخمی ہوگئے جبکہ لاہور میں موسلادھار بارش اورژالہ باری کے بعد واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا،لیسکو کے متعددفیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے گھنٹوں بجلی بند رہی۔تفصیلا ت کے مطابق سیدوالا کے نواحی گاؤں چک نمبر 12/68 میں شدید آندھی سے گھر کی دیوار گرنے کے نتیجے میں30سالہ خاتون سدرہ فریاد جاں بحق اور ایک بچے سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد نے ملبے تلے دبے متاثرین کو نکالا۔ پتوکی میں آندھی کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 35 سالہ زرینہ زخمی ہو گئی۔ ریسکیو ٹیم نے خاتون کو ملبے سے نکال کر ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔
لاہور میں مختلف مقامات پر بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر واسا کو الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ واسا حکام کے مطابق نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز سے پانی کے بروقت نکاس کیلئے تمام عملہ اور مشینری متحرک ہے جبکہ گزشتہ رو زواسا کی طرف سے بارش کے پہلے سپیل میں جیل روڈ پر4 ،ایئرپورٹ 1 ،گلبرگ 19،لکشمی چوک30 ،اپر مال 28.5،مغلپورہ29 ،تاجپورہ 24اعشاریہ 5 ،نشتر ٹائون 44اعشاریہ 5 اورچوک نا خدا میں 24اعشاریہ 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔لاہور میں بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا ،بارش کے باعث لیسکو کے 80 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب رہی ۔ بارش اور ژالہ باری کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ واپڈا ٹاؤن میں آندھی اور بارش کے باعث رکشے پر دیوار گر گئی جس سے 2افراد زخمی ہو گئے ۔