اسلام آباد ایئرپورٹ ناکہ پر رش ، سعد رفیق ،اسد قیصر کی پرواز مس

اسلام آباد ایئرپورٹ ناکہ پر رش ، سعد رفیق ،اسد قیصر کی پرواز مس

بدترین ٹریفک جام ، پرواز کے 10سے زائد دیگر مسافر بھی ایئرپورٹ نہ پہنچ سکے مجھے روکنے کیلئے سڑک بند کی گئی :اسد قیصر ، بہتر ہے فارم 47 پکڑوا دیں:مصطفیٰ نواز

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب ناکے پر رش میں ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق بھی پھنس گئے ،ان کی سکردو کی پرواز مس ہوگئی ،ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نجی ایئر لائن کی پرواز سے انتخابی مہم کے لئے سکردو جارہے تھے ۔ سعد رفیق سمیت اسی پرواز کے 10 سے زائد دیگر مسافر بھی بروقت ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکے ۔اسلام آباد ایئرپورٹ کے باہر صبح کے اوقات میں بدترین ٹریفک جام رہا ، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، مسافر بروقت ا یئر پورٹ نہ پہنچ سکے ، ٹریفک میں پھنسے مسافروں میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر بھی شامل تھے ، اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ انہیں سکردو جا نے سے روکنے کیلئے سڑک بند کی گئی، بلاول بھٹو گلگت بلتستان جا رہے ہیں، امیر مقام گلگت بلتستان میں ہیں ،اسد قیصر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کو متناز عہ بنا یا جارہا ہے اس طرح الیکشن کرانا ہے تو پھر سلیکشن کر لیں، پیسہ الیکشن پر خرچ نہ کریں ،مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ آج سینکڑوں افراد اپنی فلائٹس سے محروم ہوگئے ، امیدوار کو الیکشن مہم کا حق نہ ہو تو اس سے بہتر ہے آپ الیکشن نہ کروائیں، آپ الیکشن پر پیسہ نہ خرچ کریں بلکہ فارم 47 پکڑوا دیں ،نور الحق قادری نے کہا کہ اسد قیصر کو گلگت بلتستان جانے سے روکنا پری پول رگنگ ہے ، انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہاں وفاداریاں تبدیل کرانے کی کوشش کی جا رہی ہیں ، تاہم گلگت بلتستان کے ووٹر باشعور ہیں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں