بابو سر ٹاپ پر برفباری ،ٹریفک معطل ، ٹریول ایڈوائزری جا ری
پشاور(این این آئی)ناران کی ضلعی انتظامیہ نے بابو سر ٹاپ کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بابو سر ٹاپ پر مسلسل برفباری کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے ،بابو سر ٹاپ کی سڑک اور اردگرد کے بعض علاقوں میں ٹریفک کی روانی معطل ہے ، بعض مقامات پر سڑک صرف ون وے ٹریفک کے لیے کھلی ہے ، شام 6 بجے کے بعد برفباری کی شدت کے باعث سڑک پر سفر تقریباً ناممکن ہوجاتا ہے ۔ پھسلن، گاڑیوں کی بریکس کے مسائل، گلیشیئرز اور چٹانوں کے اچانک گرنے کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے باعث انسانی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ،غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے ۔ انتظامیہ نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بابو سر ٹاپ جانے سے قبل موسم کی صورتحال کا جائزہ ضرور لیں ۔