اہل پاکستان کا غزہ متاثرین کیلئے وقف قربانی پراجیکٹ مکمل
صدر الخدمت نے خود دنبہ ذبح کرکے اہل غزہ کیلئے قربانی پراجیکٹ کا افتتاح کیا فلسطینیوں کیساتھ عید منانے کا مقصد خوشیاں بانٹنا تھا:صدر الخدمت حفیظ الرحمن
لاہور (سیاسی نمائندہ)صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر غزہ جنگ سے متاثرہ یتیم بچوں اور مہاجرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ مصر میں عید منائی۔ صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی اور الخدمت ناروے کے ذمہ داران بھی اس اہم دورے کا حصہ تھے ۔ذمہ داران نے مصر کے علاقے رحاب کی مرکزی مسجد میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد غزہ بارڈر کے قریب مصر کے سٹریٹجک علاقوں بشمول راس غارب اور نوباریہ کے شہروں میں قائم سلاٹر ہاؤسز کا تفصیلی دورہ کیا۔
صدر الخدمت نے خود دنبہ ذبح کرکے اہل غزہ کے لیے قربانی پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ذمہ داران نے سلاٹر ہاؤسز میں دورے کے دوران اہل غزہ کے لیے جاری قربانی مہم کے انتظامات، گوشت کی تیاری، پیکنگ اور اس کی محفوظ ترسیل کے پورے عمل کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے مصر میں الخدمت فاؤنڈیشن کی میزبانی اور زیرِ کفالت مقیم غزہ کے یتیم بچوں، بیواؤں اور جنگ سے متاثرہ مہاجر خاندانوں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں میں قربانی کا گوشت اور بچوں میں عیدی اور خصوصی تحائف تقسیم کیے ۔ انہوں نے کہاکہ اہل غزہ کیساتھ عید منانے کامقصد خوشیاں بانٹنا تھا۔