فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم، کابینہ توسیع، 20 سے زائد ارکان سہیل آفریدی سے ناراض

فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم، کابینہ توسیع، 20 سے زائد ارکان سہیل آفریدی سے ناراض

امن وامان کی صورتحال ابتر ، وزیراعلیٰ بیوروکریسی سے بات منوانے میں ناکام ، ارکا ن کے گلے شکوے گروپ بندی کی خبریں من گھڑت بے بنیاد ،شفیع جان ، وزیراعلیٰ نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے 20سے ز ائد ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ناراض ،ذرائع کے مطابق ناراض ارکان کا شکوہ ہے کہ صوبے میں گورننس اور امن وامان کی صورتحال ابتر ہے ، وزیراعلیٰ بیوروکریسی سے اپنی بات منوانے میں ناکام ہیں، افسران وزیراعلیٰ کے بجائے وفاق کی بات مانتے ہیں۔ناراض ارکان کا یہ بھی شکوہ ہے کہ متعدد بار تحفظات وزیراعلیٰ کے سامنے رکھے مگر عملدرآمد نہ ہوسکا، فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم اور کابینہ میں توسیع پر بھی ناراض ارکان کو تحفظات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحفظات اور حکمت عملی طے کرنے کیلئے ناراض ارکان کا جلد اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے صوبائی حکومت سے متعلق خبروں پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ارکان صوبائی اسمبلی کی گروپ بندی سے متعلق خبریں جھوٹی، من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، خیبر پختونخوا میں پارٹی ارکان اسمبلی کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے مایوس ہوں گے ،شفیع جان کا کہنا ہے کہ تمام ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں متحد ہیں اور پُرعزم ہیں، وزیراعلیٰ کو بانی پی ٹی آئی کا مکمل اعتماد حاصل ہے ۔دوسر ی جانب ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی کے رابطوں کی اطلاعات پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا اور تمام ارکان اسمبلی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور وزرا نے ناراض ارکان سے رابطے بھی کئے اور انہیں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ، ذرائع نے مزید بتایا کہ ناراض ارکان کو یہ بھی پیغام دیا گیا ہے کہ اگر حکومت کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کا حصول مشکل ہوجائے گا، ایک حکومتی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام ارکان وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں