بجلی کے بل،شکنجا تیار:200یونٹ تک سبسڈی صرف مستحق صارفین کو ملے گی،کیو آر کوڈ کے ذریعے تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں:وفاقی وزیر توانائی
کئی افراد رعایت کا غلط استعمال کر رہے ، بڑے سولر سسٹم لگا کرگرڈ کی بجلی کو 200 یونٹ سے نیچے رکھا ہے ، ایسے صارفین خزانہ پر بوجھ ، تمام صارفین کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا تا لیاں بجوانے کے لیے بیانات د ئیے جاتے ہیں، حقائق کے برعکس ایشوز اٹھائے گئے ،اویس لغاری:خواجہ آصف کے ٹویٹ پرایکسین پھول نگر ، ایس ڈی او سمیت 5ملازم معطل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہاہے کہ ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے آئندہ مالی سال میں بھی سبسڈی کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن سبسڈی یا رعایت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ایسے صارفین کے میٹرز کو کیو آر کوڈ سے منسلک کیا جائے گا،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے سبسڈی جاری رکھے گی لیکن اس نظام کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ گز شتہ چار سال کے دوران بجلی پرسبسڈی لینے والے صارفین کی تعداد 95 لاکھ سے بڑھ کر دو کروڑ 15 لاکھ ہو گئی ہے ،ملک میں بجلی استعمال کرنے والے مجموعی گھریلو صارفین کی تعداد دو کروڑ 95 لاکھ ہے جن میں سے 86 فیصد ایسے صارفین ہیں جو پروٹیکٹڈ صارفین کی کیٹگری میں آتے ہیں،ا نہوں نے بتایا کہ بجلی پر دی جانے والی سبسڈی کا حجم 199 ارب سے بڑھ کر423 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے ،وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی پر سبسڈی لینے والوں سے کیو آرکوڈ کے ذریعے تفصیل مانگی جارہی ہیں جس کے ذریعے ایسے تمام صارفین کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور صرف مستحق صارفین کے لیے ہی بجلی کی سبسڈی کا سلسلے جاری رہے گا۔
اویس لغاری نے کہا کہ کئی افراد اس رعایت کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور ا نہو ں نے بڑے بڑے سولر سسٹم لگا کرگرڈ سے آنے والی بجلی کو 200 یونٹ سے نیچے رکھا ہوا ہے تاکہ وہ فی یونٹ سبسڈی لے سکیں،ا نہوں نے کہا کہ ایسے صارفین حکومتی خزانہ پر بوجھ ہیں، کیو آر کوڈ کے ذریعے سبسڈی لینے والی صارفین کی رجسٹریشن مکمل کی جائے اور اس کے بعد ہی سبسڈی دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا،وزیرِ توانائی نے کہا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے اب تک 20 لاکھ صارفین کی رجسٹریشن مکمل ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیردفاع خواجہ آصف کا ٹوئٹ خوداحتسابی کا عمل ہے ، ہم سوالوں کو عوام میں لے کر آتے ہیں اور ان کو حل کرتے ہیں، وزیردفاع نے لیسکوکا جوذکرکیا تو متعلقہ افراد کیخلاف ایکشن لے لیا گیا ہے ، وفاقی وزیر نے کہاکہ ہر کوئی سیاسی بیان دے جاتا ہے ، تا لیاں بجوانے کے لیے بیانات د ئیے جاتے ہیں، گزشتہ تین ہفتوں میں پاورسیکٹر کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایشوز آئے ہیں ، سینئر سیاستدان اور معاشی ماہر ہونے کے دعویداروں نے حقائق کے برعکس ایشوز اٹھائے ۔
لاہور،پھول نگر (اپنے کامرس رپورٹرسے ،نامہ نگار)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لیسکو اہلکاروں نے ٹرانسفارمر کی مرمت کیلئے 80 ہزار روپے رسید دیئے بغیر وصول کر لئے ، لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے ٹویٹ پر نوٹس لیتے ہوئے ایکسین پھول نگر ، ایس ڈی او پتوکی سمیت 5ملازم معطل کر دیئے ہیں۔قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر لکھا کہ میرے گھریلو ملازم کے گاؤں میں ٹرانسفارمر جل گیا، لیسکو ملازمین نے ٹرانسفارمر مرمت کردیا لیکن 80 ہزار روپے لئے اور رسید کسی نے نہیں دی، باقی آپ اندازہ لگا سکتے ہیں، یہ حال ہے کہ سابق وزیر بجلی سفارشی ہو اور وہ موجودہ کابینہ کا رکن بھی ہو، اس کی سفارش پر بھی واردات سے گریز نہیں کیا جاتا، عام صارف کا کیا حال ہو گا، رقم کی باقاعدہ ادائیگی ہوئی ہے ۔بعدازاں لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایکسین پھول نگر ، ایس ڈی او پتوکی اورسب ڈویژن کا دیگر عملہ معطل کردیا، ٹرانسفارمر کو غیر قانونی مرمت کرنے اور کروانے والوں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر دی گئی ہے جبکہ رشوت دینے کے معاملہ پر چیف ایگزیکٹو لیسکو رمضان بٹ نے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ذرائع کے مطابق غفلت برتنے پر لائن مین شوکت علی، فلک شیر اور لائن سپرنٹنڈنٹ محمد حسین کو معطل اور ٹرانسفارمر مرمت کرنے والے شبیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے ۔