شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات،امن وامان اور انتخابات پر تبادلہ خیال
گلگت بلتستان انتخابات پر امن و امان اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے جامع سکیورٹی منصوبہ تیار :وفاقی وزیرداخلہ موثر سکیورٹی انتظامات پر محسن نقوی اور ٹیم کی تعریف ،شفاف انتخابات کے لئے ہرممکن اقدامات کریں گے :وزیراعظم
لاہور(اپنے نامہ نگار سے )وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عوامی مقامات کی سکیورٹی کیلئے کئے گئے خصوصی انتظامات سے آگاہ کیا۔محسن نقوی نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے پُرامن، شفاف اور منظم انعقاد کیلئے سکیورٹی اداروں کی جانب سے کئے گئے انتظامات اور تیاریوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے جامع سکیورٹی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کیلئے وزارتِ داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے مؤثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جمہوری عمل کے فروغ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔