تمبا کو نوشی مہلک مرض سے بھی خطرناک،عوام صحتمند طرز زندگی اپنائیں:مریم نواز

تمبا  کو  نوشی  مہلک  مرض  سے  بھی  خطرناک،عوام  صحتمند  طرز  زندگی  اپنائیں:مریم  نواز

ہرکش نئی بیماری کی طرف قدم ،اپنی صحت ،معیشت اور معاشرت پر خودکش حملے کے مترداف ہے تعلیمی اداروں ،دفاتر ،پبلک ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات پرسگریٹ نوشی جرم ،عملدرآمد یقینی بنائینگے :پیغام

 لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ تمباکو نوشی کسی بھی مہلک مرض سے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ،عوام صحت مند طرززندگی اپنائیں، وزیراعلیٰ نے تمباکوکو وبا سے بھی بدتر قراردیا ۔انہوں نے عالمی یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمباکو کا ہر کش ایک نئی بیماری کی طرف قدم ہے جبکہ تمباکو نوشی محض عادت نہیں بلکہ اپنی ہی صحت، معیشت اور معاشرت پر خودکش حملے کے مترادف ہے ۔وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ پنجاب میں تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی پر پابندی کے مو ثر نفاذ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کے خلاف قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔مریم نواز نے کہاکہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی اور ویپنگ کے مضر اثرات سے بچانا ضروری ہے ، ملک میں تمباکو نوشی سے سالانہ ڈھائی لاکھ سے زائد اموات ، تشویشناک ہیں جبکہ نوجوانوں میں دل کے امراض کی ایک بڑی وجہ بھی تمباکو نوشی اور ویپ کا استعمال ہو سکتا ہے ۔ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام ممکنہ ا قدامات پر یقین رکھتے ہیں،تمباکو نوشی کے مضراثرات کے بارے میں آگاہی صرف حکومتی نہیں بلکہ مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے ۔وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ تمباکو نوشی ترک کرکے صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں اور اپنے اہلِ خانہ کو دھوئیں سے پاک ماحول فراہم کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں