جی بی الیکشن:سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم عروج پر
بلاول بھٹو زرداری ، بی بی آصفہ آج باقاعدہ الیکشن مہم کا آغاز کرینگے گلگت کے عوام کراچی، پشاور لاہور دیکھ کر فیصلہ کریں ، خواجہ سعد رفیق
گلگت، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، اپنے رپورٹر سے )گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم میں تیزی آگئی ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری سکردو نہ پہنچ سکے ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری (آج)پیرسے باقاعدہ الیکشن مہم کا آغاز کریں گے ، بلاول شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے ،مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی بھی انتخابی جلسوں میں شرکت کا امکان ہے ،الیکشن مہم کا سلسلہ 5 جون رات 12 بجے تک جاری گا، گلگت بلتستان انتخابات کیلئے پولنگ 7 جون کو ہوگی ،مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے سکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی بی کے عوام کراچی، پشاور اور لاہور دیکھ لیں اور خود ہی فیصلہ کریں، پنجاب کے کسی شہر بھی جائیں آپ کو تبدیلی نظر آئے گی۔
اگر نواز شریف کی حکومتیں نہ گرائی جاتیں تویہ ملک ترقی کرچکا ہوتا، ہم اپنی کوتاہی کا اعتراف کرتے ہیں، این ایف سی میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکو شیئر ملنا چا ہئے ، اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق سے زیادہ صوبوں کے پاس فنڈز ہیں، کراچی بدقسمتی سے گندگی کا ڈھیر ہے ،کوئی داد رسی کرنے والا نہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو جلسے کرنے کی اجازت ہونی چا ہئے ، مجھے 22گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سن کر بہت تکلیف ہوئی ، پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما، سینیٹر عابد شیر علی، رکن قومی اسمبلی کوہستان ملک ادریس، وزیر اعظم کے فوکل پرسن اور دیگر اعلی حکام بھی ایک روزہ دورے پر چلاس پہنچے ،پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں نے پارٹی کی ترقیاتی کارکردگی کو اجاگر کیا اور انفراسٹرکچر، معاشی ترقی، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں کئے گئے اقدامات کا ذکر کیا ۔
اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی بھی جی بی الیکشن کے سلسلے میں سکردو پہنچ گئے ، ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الحمدللہ اسلامی تحریک پاکستان کی جدوجہد دراصل گلگت بلتستان کے عوام کی جدوجہد ہے ، وطن عزیز پاکستان میں ہماری سیاست اور جدوجہد کا بنیادی مقصد امن و امان کا قیام، عدل و انصاف کا فروغ اور عوامی حقوق کا تحفظ ہے ، دوسری جانب مسلم لیگ (ن)نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کیلئے اپنا انتخابی منشور پیش کر دیاجس میں خطے کی پائیدار معاشی ترقی، مکمل آئینی حقوق، بنیادی انسانی سہولیات کی فراہمی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے متعدد اہم اعلانات کئے گئے ہیں منشور کے مطابق مسلم لیگ (ن)نے گلگت بلتستان کو قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میں شامل کرنے اور وفاق اور گلگت بلتستان کے درمیان ایک موثر سوشل کنٹریکٹ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اسمبلی نشستیں 24سے بڑھا کر 34کرنے کی تجویز،100ارب روپے کے تعمیراتی پروگرام کابھی اعلان کیا ،خواتین کیلئے یونیورسٹی ،یوتھ سکل پروگرام کا وعدہ کیا گیا ۔