ہائی پاور کمیٹی ، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات بے نتیجہ ختم
مہاجرین کی نشستوں کے حوالے سے اے پی سی بلانے پر اتفاق، اگلا دور آئندہ ہفتے ایکشن کمیٹی کا مذاکرات کی ناکامی کا اعلان، 9جون کی احتجاجی کال بدستوربرقرار ، اعلامیہ
مظفرآباد(آن لائن)مظفرآباد میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور ہائی پاور کمیٹی کے مہاجرین کی نشستوں کے معاملے پر ہونے والے طویل مذاکرات کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئے ۔ہائی پاور کمیٹی اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان تقریباً 10گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں مختلف تجاویز اور آئینی و سیاسی امور پر تفصیلی غور کیا گیا، تاہم فریقین کسی مشترکہ لائحہ عمل پر متفق نہ ہو سکے ۔مذاکرات کے دوران مہاجرین نشستوں کے مسئلے پر تمام سیاسی و سماجی سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)بلانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ہفتے منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہائی پاور کمیٹی کے سربراہ رانا ثنا اللہ نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت سے مسئلے کا قابلِ قبول اور دیرپا حل نکال لیا جائے گا۔دوسری جانب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مذاکرات کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہاجرین نشستوں کے معاملے پر کوئی قابلِ عمل پیش رفت نہیں ہو سکی۔ کمیٹی نے اپنے اعلا میہ میں واضح کیا کہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار رہنے کے باعث 9 جون کو دی گئی احتجاجی کال بدستور برقرار رہے گی ۔