گورنرپختونخواکی وفاقی وزراسے ملاقات،گندم ترسیل پرگفتگو
معاملہ فوری حل کرنیکی درخواست ، صوبے میں امن وامان کی صورتحال پراظہارتشویش
پشاور (اے پی پی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اﷲ سے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری بھی شریک تھے ۔ گورنر نے گندم کی ترسیل کے مسئلے کو فوری حل کرنے کی درخواست کی ۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار،وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان اہم امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر نے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل سے ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان کے دینار ہسپتال میں کینسر کی تشخیص کے لیے جدید مشینری کی فراہمی پر گفتگو کی اور کینسر کے مریضوں کے لیے جدید تشخیصی سہولیات کی جلد فراہمی یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں فیصل کریم کنڈی نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے بھی ملاقات کی اور ان کی توجہ اولڈ ڈیرہ ایئر پورٹ کے رن وے کے بقایا کام کی جلد تکمیل کی طرف دلا ئی ، ا س موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے پرانے ایئر پورٹ کو کمرشل فلائٹس آپریشن کے لیے بحال کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔