ذیلی کمیٹی:وفاقی وزارتوں، محکموں میں صوبائی نمائندگی کی رپورٹ طلب
سینیٹ کمیٹی کا اجلاس ، وفاقی ملازمتوں میں صوبائی مساوی کوٹہ نافذ کرنے کی ہدایت کمیٹی ارکان کا وفاقی وزیر اور سیکر ٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) ایوان بالا کی فنکشنل کمیٹی برائے ڈیولوشن کی ذیلی کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ دو ہفتوں کے اندر تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں میں صوبائی نمائندگی اور کوٹہ سسٹم کی بنیاد سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی جائے ۔کمیٹی نے آئین کے آرٹیکل 38(جی) اور 172(3) پر مکمل عملدرآمد اور وفاقی ملازمتوں و سرکاری اداروں کے بورڈز میں صوبوں کی مساوی نمائندگی یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس سینیٹر ضمیر حسین گھمرو کی زیر صدارت ہواجس میں آئینی شقوں کے تحت وفاقی ملازمتوں میں صوبائی کوٹے اور تیل و گیس اداروں کے بورڈز میں نمائندگی کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے وفاقی وزیر اور سیکر ٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمانی کمیٹیوں میں حاضری کو لازمی قرار دیا۔سینیٹر ضمیر گھمرو نے کہا کہ آئینی تقاضوں پر عملدرآمد میں تاخیر وفاقی اکائیوں میں احساس محرومی کو بڑھا رہی ہے ۔کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی کہ کوٹہ سسٹم کے معیار اور موجودہ نفاذ سے متعلق مکمل تفصیلات مقررہ مدت میں جمع کرائی جائیں۔پٹرولیم ڈویژن کی بریفنگ کے دوران بورڈز میں صوبائی مشاورت کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔