پاکستان اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزہ کی شرط ختم

پاکستان اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزہ کی شرط ختم

معاہد ہ طے پاگیا ، سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی دو طرفہ روابط مستحکم ہونگے دونوں ممالک کا تزویراتی تعاون کی مضبوطی، وسعت ،مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم کر دی گئی ،پاکستان کے سفیر علی جاوید اور اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے سیکرٹری  جنرل اور سفیر ریکارڈو گوارِیلیا نے حال ہی میں ایک ایسے معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کیلئے ویزا کی شرط ختم کر دی گئی ، معاہدے پر دستخط کی پُروقار تقریب اٹلی کی وزارتِ خارجہ میں روم میں ہوئی۔تقریب سے قبل دونوں اعلیٰ حکام کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں فریقوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تزویراتی تعاون کی مضبوطی، وسعت اور مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان روایتی طور پر دوستانہ اور تعمیری دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا ،معاہدے سے سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی اور دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے ۔پاکستان اور اٹلی کے درمیان اس وقت متعدد نئے معاہدوں پر غور جاری ہے ، اس کے علاوہ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان 21 مفاہمتی یادداشتیں (MoUs) موجود ہیں۔

جبکہ سیاحت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، اعلیٰ دفاعی مطالعات اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دونوں حکومتوں کے درمیان 15 معاہدے طے پا چکے ہیں۔دفاعی تعاون کا معاہدہ 2009 میں طے پایا، جبکہ 2013 میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان سٹر ٹیجک انگیجمنٹ پلان قائم کیا گیا ۔اس سے قبل 7 مئی 2025 کو اسلام آباد میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان ‘‘لیبر موبیلٹی اینڈ مائیگریشن’’ کے موضوع پر ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے ، جو کسی یورپی ملک کے ساتھ پاکستان کا پہلا باقاعدہ لیبر معاہدہ ہے ، اس معاہدے کے تحت پاکستانی شہریوں کیلئے مختص 10,500 ملازمتوں کے کوٹے سے فائدہ اٹھانے کا موقع حاصل ہوگا۔پاکستانی سفیر نے سیکرٹری خارجہ کی جانب سے سیکرٹری جنرل کو ساتویں دوطرفہ سیاسی مشاورت میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت دی، انہوں نے 2026 کی آخری سہ ماہی میں اس اجلاس کے انعقاد کیلئے پاکستان کی آمادگی سے آگاہ کیا اور اسلام آباد میں اٹلی کے نئے سفارت خانے کے افتتاح کی خواہش کا اظہار کیا جو اٹلی کا بیرونِ ملک سب سے بڑا سفارتی مشن ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں