بجلی ایک روپے 73پیسے فی یونٹ مہنگی ہو نے کا امکان
نیپرا نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی جون میں صارفین کو 20 پیسے فی یونٹ خالص ریلیف ملے گا، وزارت توانائی
اسلام آباد(نامہ نگار)بجلی ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان۔ نیپرا نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ اپریل میں خطے کی جنگ کے اثرات آئے ہیں۔ اس عرصے میں درآمدی ایل این جی بالکل نہیں ملی۔ مئی میں ایل این جی کے کنٹریکٹ اور سپاٹ والے کارگوز ملے ہیں۔ مئی جون جولائی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے زیادہ شاکس نہیں آئیں گے ۔ نیپرا نے کے الیکٹرک سے گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ پر رپورٹ بھی طلب کرلی۔ علاوہ ازیں وزارت توانائی سے جاری بیان کے مطابق رواں ماہ جون میں صارفین کو 20 پیسے فی یونٹ خالص ریلیف ملے گا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اگرچہ اپریل 2026 میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے ) کے تحت 1.73 روپے فی یونٹ کا مثبت اثر (یعنی بل میں اضافہ) ہوالیکن سال کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ منفی (یعنی ریلیف) رہی جو 1.93 روپے فی یونٹ ہے چونکہ یہ منفی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (1.93) مثبت ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ (1.73) سے زیادہ ہے ، اس لیے دونوں کے ایک دوسرے کو کینسل کرنے کے بعد صارفین کو خالص 20 پیسے فی یونٹ کا ریلیف مل رہا ہے ۔ اس کے نتیجے میں جون 2026 میں جنوری تا مئی 2026 کے مقابلے میں بجلی کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔