اے جی پی آر :کلیمز جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جون مقرر
12 جون کے بعد اعزازیہ سے متعلق کوئی بھی کلیم قبول نہیں کیا جا ئیگا تنخواہوں کے چیکس مالی سال کے اختتام پر زائد المعیاد ہو جائیں گے
اسلام آباد (اے پی پی)اکائونٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) اسلام آباد نے مالی سال 2025-26 کے اختتام کے پیش نظر ادائیگیوں اور کلیمز سے متعلق اہم ڈیڈ لائنز کا اعلان کر دیا ۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز (ڈی ڈی اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ حالیہ خریداریوں اور حاصل کردہ خدمات سے متعلق تمام کلیمز 12 جون 2026ء تک لازمی طور پر جمع کرائے جائیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق 12 جون 2026ء تک جاری کردہ ٹوکنز پر تمام غیر منظور شدہ بلوں اور دعوئوں کو دوبارہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جون 2026ء مقرر کی گئی ہے ۔ اسی طرح اے جی پی آر اسلام آباد اور اس کے ذیلی دفاتر کے زیر انتظام اسائنمنٹ اکائونٹس کے لیے ریلیز جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 جون 2026 ہوگی۔اے جی پی آر نے واضح کیا کہ 12 جون 2026ء کے بعد اعزازیہ سے متعلق کوئی بھی کلیم قبول نہیں کیا جائے گا۔
مزید برآں آف سائیکل ادائیگیوں سے متعلق کمپیوٹرائزڈ تبدیل شدہ سٹیٹمنٹس صرف 11 جون 2026ء تک وصول کی جائیں گی جبکہ ان پر کارروائی عارضی طور پر 16 جون 2026ء تک مکمل کی جائے گی۔ادارے نے تمام ڈی ڈی اوز اور متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ ادائیگیوں اور مالی لین دین میں تاخیر سے بچنے کے لیے تمام کیسز مقررہ وقت کے اندر جمع کرائے جائیں۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موجودہ مالی سال سے متعلق تنخواہوں کے چیکس مالی سال کے اختتام پر زائد المعیاد (Stale) ہو جائیں گے اور 30 جون 2026ء کے بعد ان کے متبادل چیکس جاری نہیں کیے جائیں گے ۔اے جی پی آر نے تمام متعلقہ سرکاری دفاتر اور مالیاتی حکام پر زور دیا ہے کہ ادائیگیوں، بلوں اور کلیمز سے متعلق مقررہ ڈیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مالی سال 2025-26 کے حسابات بروقت اور موثر انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔