کیاچرس مال خانے میں عبادت کرتی رہی؟جسٹس کاکڑ،ملزم بری

کیاچرس مال خانے میں عبادت کرتی رہی؟جسٹس کاکڑ،ملزم بری

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے 200 کلوگرام چرس برآمدگی کیس میں ملزم رضا خان کی بریت اپیل منظور کرکے بری کر دیا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔دورانِ سماعت وکیل صفائی نے کہاان کے موکل کو ایک ایسے مقدمے میں سزا دی گئی جس میں مبینہ طور پر 200 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ،مقدمہ دراصل کسی اور ملزم سے متعلق تھا، برآمدگی کے چار ماہ 18 دن بعد منشیات کو فرانزک جانچ کے لیے بھیجا گیا، میرے موکل کی ایک ٹانگ نہیں، اس لیے وہ ٹرک چلانے کے قابل ہی نہیں۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ کیا چار ماہ تک چرس مال خانے میں عبادت کرتی رہی؟ جس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے ۔جسٹس ہاشم کاکڑ نے مزید کہا اس نوعیت کے مقدمات میں احتیاط لازم ہے ،عدالت نے سوال اٹھایا کہ اس طرح کے شواہد کی بنیاد پر سزا کس طرح دی گئی۔وکیل صفائی نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج خضدار نے ملزم کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی سزا برقرار رکھی۔جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں بینچ نے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیل منظور کرتے ہوئے ملزم کو بری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں