ہم کسی کیخلاف نہیں ،ہمارے راستے بند نہ کریں، اچکزئی
ایجنسیوں کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا ، غیر جانبدارالیکشن ہونے چاہئیں جہاں اسمبلیاں فروخت ہوں وہاں غریب عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جہاں اسمبلیاں فروخت ہوتی ہوں وہاں غریب عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ، پاکستان میں غیر جانبدار انتخابات ہونے چاہئیں،بلوچستان بار کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سچ کی بنیاد پر پاکستان اور بلوچستان کے مسائل حل ہوسکتے ہیں محض سرداروں اور نوابوں کو شامل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ وکلا جانتے ہیں کہ 1973ء کا آئین کافی جدوجہد کے بعد بنا، کسی بھی ملک میں عدلیہ اور آئین کے ذریعے مسائل حل ہوسکتے ہیں، ہمارے ملک میں اسمبلی کی بولیاں لگتی ہیں، جہاں اسمبلیاں فروخت ہوتی ہوں وہاں غریب عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔مزید کہا کہ پاکستان کے آئین نے حقوق اور غداری دونوں کو واضح کردیا ہے ، محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں، ایجنسیوں کے بغیر کوئی ملک بھی نہیں چل سکتا لیکن ملکی نظام کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے ، ہم کسی کے خلاف کچھ نہیں کہیں گے لیکن ہمارے راستے بند نہ کئے جائیں۔