ڈسکوز کی ناقص کارکردگی پر کارروائی ، 5افسران معطل
معطل ہونیوالوں میں پیسکو کے 3ایس ڈی اوز،ایک ایکسیئن ، سیپکو کا 1افسر شامل 118 کال سینٹر شکایات نظرانداز کرنے پر افسران کے خلاف محکمانہ کارروائیاں شروع
اسلام آباد (نامہ نگار، اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ملک کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔ پاور ڈویژن کے مطابق 118 کال سینٹر سسٹم پر صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے میں ناکامی، غفلت اور مسلسل لاپرواہی پر مختلف افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔وفاقی وزیر نے یکم اکتوبر 2025 سے 31 مارچ 2026 تک کے عرصے میں موصول ہونے والی شکایات کے تفصیلی جائزے کے بعد یہ احکامات جاری کیے ۔
رپورٹ کے مطابق لوڈشیڈنگ، وولٹیج میں اتار چڑھاؤ، لائن فالٹس اور ٹرانسفارمر ٹرپنگ سے متعلق ہزاروں شکایات مقررہ وقت میں حل نہیں کی گئیں۔پاور ڈویژن نے ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کی فہرستیں تمام ڈسکوز کے چیف ایگزیکٹوز کو ارسال کر دی ہیں۔ پیسکو میں تین سب ڈویژنل افسران (ایس ڈی اوز) اور ایک ایکسیئن کو فوری معطل کر دیا گیا ہے ، جبکہ سیپکو میں ایک ایس ڈی او اور ایک سابق ایکسیئن کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے ۔معطل افسران کو مزید کارروائی تک ہیڈکوارٹرز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پاور ڈویژن کے مطابق دیگر ڈسکوز میں بھی سو سے زائد افسران کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف شوکاز نوٹسز، معطلی اور تبادلوں کی کارروائیاں شروع کی جا رہی ہیں۔