PIAمجوزہ قانون سازی ،ملازمین کا تحفظ یقینی بنایا جائے ، قائمہ کمیٹی دفاع
’’کنورژن ایکٹ‘‘منسوخی پر تحفظات ، آئندہ اجلاس میں دستاویزات پیش کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد طلحہ محمود کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں قومی ہوا بازی کے شعبے سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پی آئی اے سے متعلق مجوزہ قانون سازی، اندرونِ ملک فضائی سفر کے کرایوں کے ڈھانچے اور علاقائی فضائی آپریشنز میں پیش رفت پر غور کیا گیا ، کمیٹی نے پی آئی اے کنورژن ایکٹ 2016ء کی مجوزہ منسوخی پر تفصیلی بحث کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو بل کی منظوری کے عمل میں کسی بھی قسم کی جلد بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پی آئی اے (کنورژن) ایکٹ 2016 منسوخ کرنے کی تجویز زیر غور آئی ،سینیٹرز نے مجوزہ منسوخی آرڈیننس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ،کمیٹی نے واضح کیا کہ کسی بھی نئی قانون سازی میں ملازمین کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے ،کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ دستاویزات آئندہ اجلاس میں مکمل جانچ پڑتال کے لئے پیش کی جائیں ، اجلاس میں کوئٹہ پروازوں کے کرایوں نئی نجی ایئرلائن کے آپریشنز کا جائزہ اور سہولیات بہتر بنانے پر زور دیا گیا ،مزید برآں کمیٹی نے ہدایت کی کہ ایس پی ایس اے اور حکومت/نجکاری کمیشن کے درمیان ہونے والے باضابطہ معاہدے کو آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے ۔