غیر استعمال شدہ کپیسٹی چارجز کیخلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار
جسٹس احمد ندیم ارشد نے شہری اشبا کامران کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سنادیا
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے غیر استعمال شدہ کپیسٹی چارجز کے خلاف دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔جسٹس احمد ندیم ارشد نے شہری اشبا کامران کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا جس میں نیپرا، وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت غیر استعمال شدہ بجلی یونٹس کی قیمت صارفین سے وصول کر رہی ہے اور بجلی کے بلوں میں کپیسٹی چارجز پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر شامل کئے گئے ہیں،حکومت کو صرف سسٹم میں شامل بجلی کے مطابق ادائیگیوں کا پابند بنایا جائے ، عدالت آئی پی پیز سے اضافی وصول کئے گئے کھربوں روپے واپس لینے کا حکم دے ،اس معاملے میں ملوث نیپرا اور دیگر حکام کے احتساب کے احکامات بھی جاری کئے جائیں۔