پختونخوا میں 12سال سے حکومت، آپ لوگوں نے کیا کیا؟:چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ایس ایم عتیق شاہ نے خیبر پختونخوا کے صوبائی وزراء سے استفسار کیا کہ صوبے میں 12 سال سے آپ کی حکومت ہے ، آپ لوگوں نے کیا کیا؟ 12 ایسے افراد کے نام بتائیں جنہیں آپ نے برطرف کیا ہو۔
صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا جنوبی اضلاع کے لوگ بے امنی کی آگ میں جل رہے ہیں، 6 ماہ گزرنے کے باوجود آپ لوگوں نے کرمنل جسٹس سسٹم سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل نہیں کیا، آپ لوگوں کو ایک ہی دن میں ہم نے 246 کیسز میں ضمانتیں دیں، علی امین گنڈاپور بطور وزیر اعلیٰ آئے تو عدالتی وقت ختم تھا پھر بھی انہیں ضمانت دی، سہیل آفریدی سے حلف نہیں لیا جا رہا تھا، وہ ہمارے پاس آئے اور ہم نے انہیں بھی ریلیف دیا۔ آپ کا ایک ایک پراسیکیوٹر 12، 12 سال سے ایک ہی ضلع میں تعینات ہے ، میں نے عدالتوں میں صوبے بھر میں تبادلے کیے ، اگر آپ ہمیں سپورٹ نہیں کر سکتے تو کم از کم ہمارے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا ہم لارجر بینچ کے احکامات پرعمل درآمد کر رہے ہیں۔ پشاور ہائیکورٹ نے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ وکیل نے بتایا کہ مینا خان کا نام پی این آئی ایل میں شامل ہے تاہم مکمل معلومات دستیاب نہیں۔ چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو درخواست گزار کے خلاف تمام کیسز کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ آنے کے بعد کیس کا فیصلہ کیا جائے گا۔