پاک، تاجک تجارتی حجم 20کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

  پاک، تاجک تجارتی حجم 20کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

اویس لغاری کی تاجک وزیر اعظم سے ملاقات، براہِ راست پروازوں، ویزا سہولتوں پر گفتگو

 اسلام آباد، دوشنبے (نامہ نگار) پاکستان اور تاجکستان نے تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے آئندہ تین برسوں میں دوطرفہ تجارتی حجم 20 کروڑ امریکی ڈالر تک بڑھانے کے روڈ میپ پر اتفاق کر لیا۔ یہ پیشرفت دوشنبے میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت، اقتصادی، سائنسی و تکنیکی تعاون سے متعلق مشترکہ کمیشن کے آٹھویں اجلاس میں ہوئی جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور تاجک وزیر توانائی و آبی وسائل جمعہ دلیر شفقیر نے کی۔

اجلاس میں دونوں ممالک نے تجارتی وفود کے تبادلوں، کاروباری روابط، ٹیرف و تجارتی معلومات کے تبادلے اور آن لائن تجارت کے فروغ پر اتفاق کیا۔ تاجکستان کی ایکسپورٹ ایجنسی اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے جبکہ ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے ) پر مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔فریقین نے کاسا-1000 منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔ اویس لغاری نے تاجک وزیر اعظم قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی جس میں براہِ راست پروازوں، ویزا سہولتوں اور علاقائی روابط کے فروغ پر زور دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں