نئی نسل کی بقا ؑ کیلئے ماحول بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات ناگزیر:مریم نواز

نئی  نسل  کی  بقا ؑ  کیلئے  ماحول  بہتر  بنانے  کیلئے  موثر  اقدامات  ناگزیر:مریم   نواز

شجرکاری مہم تیز کرنیکا عزم،پنجاب ماحولیاتی آلودگی پیشگی الرٹ کی صلاحیت والا پہلا صوبہ بن چکا لاہور اور دیگر شہروں کیلئے مزید سموگ گنز لارہے ہیں :وزیراعلیٰ پنجاب، عالمی دن پر پیغام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اورسموگ کے تدارک کیلئے موثر اورپائیدار اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، نئی نسل کی بقا کیلئے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات ناگزیر ہیں،پنجاب ماحولیاتی آلودگی سے متعلق پیشگی الرٹ کی صلاحیت حاصل کرنے والا پہلا صوبہ بن چکا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماحولیات کے عالمی دن پرجاری اپنے خصوصی پیغام میں کیا، انہوں نے پنجاب میں پلاسٹک کے خاتمے کے غیر معمولی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور قدرتی وسائل کی حفاظت کرنے کی اپیل کی جبکہ گزشتہ سال فوگ میں نمایاں کمی اورماحول کی بہتری پراظہار تشکرکیا ،لاہور سمیت دیگر علاقوں میں نمایاں ماحولیاتی بہتری پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب اور پوری ٹیم کوشاباش بھی دی ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے غیر معیاری پلاسٹک بیگز کے استعمال پرقانونی کارروائی کے تسلسل اورخطے کے پہلی انوائرمنٹ آبزرویٹری پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ۔مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ پہلے جدید ترین ایئر کوالٹی فورکاسٹ سسٹم سے صوبہ بھرمیں فضائی آلودگی انڈیکٹر کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

پنجاب کی پہلی انوائرمنٹ وال پر24/7ماحولیات سے متعلق اداروں کا مانیٹرنگ سسٹم کام کررہا ہے ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں،بھٹہ خشت اور فصلوں کی باقیات جلانے سمیت ماحولیاتی قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں پرقانونی کارروائی جاری ہے ، سموگ کے تدارک کیلئے 30 جدید بارفوگ گن کاموثر استعمال کیا جارہاہے ،لاہورسمیت دیگر شہروں کیلئے مزید سموگ گنز بھی لارہے ہیں۔ پنجاب حکومت گرین پنجاب اور پلانٹ فار پاکستان ویژن کے تحت پورے صوبے میں شجرکاری کررہی ہے ۔ مریم نواز شریف نے کہاکہ نئی نسل کو آبی توانائی اورماحولیاتی وسائل کے تحفظ کیلئے مشترکہ عزم کا اظہارکرنا ہوگا ،ماحولیات کے عالمی دن پر فطرت کے تحفظ، آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے شعور بیدار کرنا ہے ،عوام سے اپیل ہے کہ آئیں! پلاسٹک ترک کرنے اورماحولیات کے تحفظ کا عہد کریں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں 6 دہشتگردہلاک کرنے پر بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔علاوہ ازیں مریم نواز نے پاکپتن میں کار کی زد میں آ کر 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور ذمہ دار ملزموں کو گرفتار کرکے سخت ترین قانونی کارروائی کا حکم دیدیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں