تاجروں کانئی ٹیکس سکیم کاخیرمقدم،اعتماد بحالی کی جانب اہم قدم قراردیدیا
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ) تاجر تنظیموں نے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی "آسان ٹیکس سکیم" کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تاجروں اور حکومت کے درمیان اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ نئی سکیم کے تحت تاجر اپنی سالانہ سیل (ٹرن اوور) کا صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کرے گا۔بجلی بلوں یا دیگر ذرائع سے پہلے سے ادا کردہ ایڈوانس انکم ٹیکس کو قابلِ ایڈجسٹ کیا جائے گا، سکیم میں شامل تاجروں کو ایف بی آ ر اہلکاروں کی غیر ضروری مداخلت اور ہراسانی سے تحفظ حاصل ہوگا،مارکیٹوں کی جلد بندش اور کاروباری اوقات کار پر عائد پابندیوں پر نظرثانی کی جائے ، صنعتی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے مستقل مشاورتی کمیٹی قائم کی جائے ،بند ہوتی صنعتوں کو بحال کرنے کے لیے خصوصی پیکیج دیا جائے ۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے سادہ ٹیکس سکیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق ہی یہ نظام متعارف کرایا جائے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بجٹ میں اس نظام کو مزید پیچیدہ بنایا گیا یا اس میں اضافی شرائط شامل کی گئیں تو ماضی کی طرح یہ سکیم بھی ناکامی سے دوچار ہو سکتی ہے ۔