سیاسی پناہ کیلئے پاکستانیوں کا سرفہرست ہونا قابل تشویش : برطانیہ
پناہ کی درخواستیں صرف آن لائن دیں،غیر قانونی ایجنٹوں سے محتاط رہیں ،جین میریٹ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پناہ کے متلاشیوں کو دھو کا دینے والے ایجنٹس کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی درخواست دہندگان اپنی درخواستیں صرف سرکاری آن لائن سسٹم کے ذریعے جمع کرا ئیں ۔ہفتہ کو مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا غیر قانونی ایجنٹ لوگوں کو برطانیہ منتقلی کے جھوٹے وعدوں سے گمراہ کرتے ہیں، ایجنٹ اکثر پیسے کے عوض پناہ اور آبادکاری کے مواقع کے حوالہ سے دھو کا دہی سے یقین دہانیاں کراتے اور کمزور افراد کا استحصال کرتے ہیں۔
انہوں نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس وقت پناہ کی درخواستوں میں پاکستانی شہری سرفہرست قومیتوں میں شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا برطانیہ کافی عرصے سے مکمل طور پر فنڈڈ سکالرشپ پروگرام پیش کر رہا ہے ، پاکستان سے حقیقی درخواست دہندگان سرکاری چینلز کے ذریعے درخواست دیتے ہیں، برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں اور بعد ازاں پاکستان واپس آتے ہیں، جہاں وہ قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا دھوکا دہی کے ذریعے کمزور لوگوں کا استحصال کرنے والوں سے قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔