سالانہ ریٹرنز، گوشوارے جمع نہ کرانے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی تیز
36 سرکاری کمپنیوں کو 58شوکاز نوٹسز، 46پر جرمانے ، 12کوتنبیہی احکامات
کراچی(کامرس رپورٹر)سرکاری ملکیتی کمپنیوں میں شفافیت، احتساب اور کارپوریٹ گورننس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے سالانہ ریٹرنز اور مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی تیز کر دی ہے کمیشن کے مطابق کمپنیز ایکٹ اور پبلک سیکٹر کمپنیز (کارپوریٹ گورننس) ریگولیشنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے جاری مہم کے تحت متعدد سرکاری اداروں کے خلاف شوکاز کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، ایس ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق 36 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو جاری 58 شوکاز نوٹسز پر کارروائی مکمل کر لی گئی، ان میں سے 46 شوکاز نوٹسز پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 12 معاملات میں تنبیہی احکامات جاری کیے گئے، مجموعی طور پر 31 لاکھ 75 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں، جو کمپنیوں کی عدم تعمیل کی نوعیت اور مدت کے مطابق مقرر کیے گئے۔
کمیشن کے مطابق مارچ 2026 کے دوران مزید 41 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو 66شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے ، جن میں سے 58 نوٹسز پر کارروائی مکمل ہو چکی ہے جبکہ 8 نوٹسز پر قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے ۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ تمام کمپنیوں کو شوکاز کارروائی کے دوران اپنا مؤقف پیش کرنے اور وضاحت دینے کا مکمل موقع فراہم کیا گیا تاکہ شفاف اور منصفانہ فیصلہ سازی کو یقینی بنایا جاسکے ، اعلامیے کے مطابق سالانہ ریٹرن جمع نہ کرانے کی خلاف ورزی پر کم از کم 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ سالانہ ریٹرن اور مالیاتی گوشوارے دونوں جمع نہ کرانے والے اداروں پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ کیا گیا۔ دوسری جانب مسلسل اور سنگین عدم تعمیل کے معاملات میں جرمانوں کی رقم بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ایس ای سی پی نے بتایا کہ جاری کیے گئے فیصلوں اور احکامات کی نقول متعلقہ سرکاری اداروں کے پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز، بورڈز اور وفاقی حکومت کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ آئندہ کے لیے ضابطہ جاتی تقاضوں کی پابندی کو یقینی بنایا جاسکے ۔