سرکاری سکیم کے حجاج نے 139ارب 16کروڑ روپے حج پر خرچ کیے
پرائیویٹ حج سکیم میں 12تا 40لاکھ روپے کے مختلف پیکیجز استعمال کیے گئے ،رپورٹ
اسلام آباد (دنیا نیوز) سرکاری سکیم کے تحت پاکستانیوں نے رواں برس حج پر کتنے اخراجات کیے اس حوالہ سے رپورٹ منظر عام پر آگئی۔ذرائع کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت پاکستانیوں نے رواں برس حج پر تقریباً 139ارب 16کروڑ روپے خرچ کیے۔ لانگ حج پروگرام کے حاجیوں کے مجموعی اخراجات تقریباً 89ارب 40کروڑ روپے رہے ، شارٹ (کم دورانیہ) حج کرنے والے حاجیوں کے اخراجات تقریباً 49 ارب 76کروڑ روپے رہے۔
سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانیوں نے رواں برس حج کیا، 77 ہزار 743 حاجیوں نے 40 سے 45 روزہ لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیا، لانگ حج پروگرام کے ہر حاجی نے 11 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ادا کیے، 41 ہزار 467 حاجیوں نے 20 سے 22 روزہ شارٹ حج پروگرام کے تحت حج ادا کیا، سرکاری حج سکیم کے 34.8 فیصد حاجیوں نے شارٹ حج پروگرام کا انتخاب کیا۔
شارٹ حج پروگرام کے حاجیوں نے فی کس 12 لاکھ روپے خرچ کیے ، شارٹ حج کرنے والے حاجیوں کے اخراجات تقریباً 49 ارب 76 کروڑ روپے رہے ، 50 ہزار 114 خواتین نے سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا۔ذرائع کے مطابق خواتین حاجیوں کا سرکاری حج کوٹے میں تناسب 43.5 فیصد رہا، 65 ہزار 182 مردوں نے سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا، مرد حاجیوں کا سرکاری حج کوٹے میں تناسب 56.5 فیصد رہا۔ پرائیویٹ حج سکیم میں 12 لاکھ سے 40 لاکھ روپے تک کے مختلف حج پیکیجز استعمال کیے گئے ۔