حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1296 ویں سالانہ عرس کا آغاز
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1296 ویں سالانہ عرس کا آغاز ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی کے معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1296 ویں سالانہ عرس کا مزار پر چادر پوشی کر کے باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
عرس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مزار اور اطراف میں زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ اولیاء اللہ کی دھرتی ہے اور یہ زمین ہمیشہ سے امن، بھائی چارے اور محبت کی امین رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مقدس مزار پر سالانہ ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں زائرین عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دیتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کے دلوں میں صوفیائے کرام کے لیے کتنی محبت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ہمیں دینِ اسلام کو گہرائی سے سمجھ کر آگے بڑھنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لائی جا سکیں۔