پختونخوا اسمبلی کے ناراض حکومتی ارکان سامنے آگئے منانے کی کوششیں

پختونخوا اسمبلی کے ناراض  حکومتی ارکان سامنے آگئے   منانے کی کوششیں

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی میں ناراض حکومتی ارکان سامنے آگئے ،منانے کی کوششیں جاری ، ناراض اراکین گروپ کے سربراہ مشتاق غنی نے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کو ہومیوپیتھک قرار دے دیا جبکہ ناراض کو منانے کے لیے سپیکر صوبائی اسمبلی نے رابطہ کرلیا۔

 ناراض گروپ کا مشاورتی اجلاس آج ہوگا۔ ناراض گروپ کے سربراہ مشتاق غنی نے سوشل میڈیا پر پیغام دیا ہے کہ نہ ہم کسی لابی کا حصہ ہیں نہ ہم فارورڈ بلاک ہیں، ہم وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے جن وجوہات پر ناراض ہیں وہ صرف اور صرف یہ ہے کہ آپ وزیر اعلیٰ ہیں عمران خان کی رہائی کے لیے کوئی مثبت قدم کیوں نہیں اٹھاتے ، ہمارا صرف ون پوائنٹ ایجنڈا ہے اور وہ صرف اور صرف بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی ہے ، جو تحریک کا طریقہ کار اپنایا گیا ہے وہ ہومیوپیتھک طریقہ کار ہے اس طریقے سے عمران خان رہا ہونے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر 10 جون کو پارلیمنٹ کے سامنے بیٹھنا ہے تو پھر خان کی رہائی تک نہیں اٹھنا چاہیے ، ناراض گروپ کو منانے کے لیے سپیکر بابر سلیم سواتی بھی متحرک ہوگئے ، انہوں نے گزشتہ روز ایبٹ آباد میں مشتاق غنی سے ملاقات کی، انہوں نے ناراض گروپ کے سربراہ کو یقین دلایا کہ ان کے جو تحفظات ہیں انھیں دورہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ناراض ارکان کو کابینہ میں شمولیت کی بھی دعوت دی گئی لیکن ناراض ارکان کی جانب سے آج تک کا وقت مانگا گیا، ناراض گروپ کا مشاورتی اجلاس آج صوبائی اسمبلی اجلاس سے قبل پشاور میں ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں