انجمن تاجران کا ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کا مطالبہ

انجمن تاجران کا ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کا مطالبہ

تاجروں و صنعتکاروں کی تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنایا جائے ،اشرف بھٹی

لاہور(آئی این پی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مشکل حالات کے باوجود معیشت کو استحکام دینے کیلئے قابل قدر اقدامات کیے ہیں ،پائیدار معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ تاجروں، صنعتکاروں اور دیگر شعبوں کے ماہرین کی تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنایا جائے ۔اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے تجویز دی کہ نئے ٹیکس عائد کرنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے تاکہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ نہ پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تاجر برادری کو ریلیف دینے کے لیے چھوٹے کاروبار پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے۔

فکسڈ ٹیکس نظام کو آسان بنایا جائے اور کاروباری لاگت میں کمی کے لیے بجلی کے نرخوں میں مناسب ریلیف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بینکوں سے کاروباری قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو آسان اور شرح سود کو کم کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ملکی محصولات میں اہم کردار ادا کرتی ہے اس لیے ٹیکس نظام کو سادہ اور کاروبار دوست بنایا جانا چاہیے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ میں ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جو برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں