لاہور ہائیکورٹ :این سی اے ایڈمن افسر کی برطرفی معطل
برطرفی کا قانونی جواز نہیں،جسٹس ملک اویس خالد ، رجسٹرار این سی اے طلب درخواست گزار کی اپیل 15 روز میں نمٹانے کی بھی ہدایت، مزید سماعت ملتوی
لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک اویس خالد نے نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے ) کے ایڈمن افسر سلطان قمرالزمان کی برطرفی کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے برطرفی کا حکم معطل کر دیا۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وائس چانسلر نے کسی قانونی جواز کے بغیر ان کے مؤکل کو عہدے سے برطرف کیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد برطرفی کے حکم کو معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ۔جسٹس ملک اویس خالد نے قوانین کے برعکس برطرفی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رجسٹرار این سی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے ادارے کی جانب سے جمع کرایا گیا مبہم جواب مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو کیوں نہ بھرتیوں کے پورے عمل پر حکم امتناعی جاری کر دیا جائے ۔عدالت نے چیئرمین بورڈ آف گورنرز این سی اے کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کی اپیل کو 15 روز کے اندر قانون کے مطابق نمٹایا جائے ۔مزید سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی گئی۔