ڈاکٹرماہ نورکی کوئی بڑی سرجری کی گئی اور نہ ہوگی:ہسپتال ذرائع
معمولی گرافٹنگ کردی ری کنسٹرکٹیو سرجن معمولی گرافٹنگ کرتے رہیں گے حالت پہلے سے بہتر , منگل کو پہلی سرجری 8 گھنٹے سے زائد جاری رہی؛ اہل خانہ
کوئٹہ ،کراچی(این این آئی) کوئٹہ میں تیزاب گردی کا شکار خاتون ڈاکٹر ماہ نور کے چہرے کی پلاسٹک سرجنوں نے معمولی گرافٹنگ کردی، ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرماہ نورکی کوئی بڑی سرجری نہیں کی گئی اور نہ ہی ہوگی، معمول کے مطابق ری کنسٹرکٹیو سرجن معمولی گرافٹنگ کرتے رہیں گے ، ڈاکٹروں کی ٹیم نے گزشتہ روز ڈاکٹرماہ نور کا تیسری بار مکمل معائنہ کیا تھا ، ذرائع نے بتایا کہ معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں میں ری کنسٹرکٹیو سرجن اور ماہرچشم شامل تھے ، ڈاکٹرماہ نورکے چہرے، آنکھوں کے بیرونی حصے ، ہونٹ اورناک پر زخم ہیں، ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم نے مختلف ٹیسٹ بھی کرائے تھے ، ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور کی فیملی علاج سے مکمل مطمئن ہے ، حکومت بلوچستان، حکومت سندھ متاثرہ ڈاکٹر اور ان کی فیملی سے مسلسل رابطے میں ہے ، ڈاکٹر ماہ نور کے اہل خانہ کے مطابق آپریشن کے بعد ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے ، تاہم تیزاب سے زخموں کے باعث انفیکشن کا خطرہ برقرار ہے ، جس کے پیش نظر انہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرحلہ وار سرجریز کی جا رہی ہیں جن میں متاثرہ جلد کو ہٹانے کے ساتھ نئی جلد کی پیوندکاری (سکن گرافٹنگ)بھی شامل ہے اس سلسلے میں منگل کو پہلی سرجری کی گئی جو 8 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔