کئی علاقوں میں آج سے بارش اور ژالہ باری کا امکان

 کئی علاقوں میں آج سے بارش اور ژالہ باری کا امکان

مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہونگی جو 13جون تک برقراررہ سکتیں کشمیر ، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش متوقع

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)آج سے 13 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی، جھکڑ، گرج چمک،بارش اورژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج 11 جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 13 جون تک برقرار رہ سکتا ہے جبکہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی آج سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک، موسلادھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔ پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور دیگر اضلاع میں کہیں کہیں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں