ڈیجیٹل پاکستان :آئی ٹی منصوبوں کیلئے 19ارب 58کروڑ مختص
اسلام آباد آئی ٹی پارک کیلئے 5ارب ،کراچی پارک کیلئے 3ارب سے زائد رکھے گئے سائبر سکیورٹی کیلئے 33کروڑ ، آزاد کشمیر اور جی بی سیلولر سروسز کیلئے 29کروڑ مختص
اسلام آباد( حریم جدون)وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی بجٹ میں ڈیجیٹل پاکستان، مصنوعی ذہانت اے آئی ، سائبر سکیورٹی اور آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کے لئے اربوں روپے مختص کر د ئیے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی منصوبوں کے لئے 19 ارب 58 کروڑ روپے مختص کر دئیے گئے ، بجٹ دستاویزات کے مطابق حکومت نے ملک میں ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر کو وسعت دینے ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی ،سب سے زیادہ رقم اسلام آباد آئی ٹی پارک پراجیکٹ کیلئے مختص کی گئی ہے جس کے لئے 5 ارب 81 کروڑ روپے رکھے گئے ، جبکہ کراچی آئی ٹی پارک کے قیام کے لئے 3 ارب 74 کروڑ روپے مختص کئے گئے ،حکومت نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت آئی ٹی سٹارٹ اپس، ڈیجیٹل مہار ت اور تربیتی پروگراموں کے لئے 3 ارب روپے مختص کئے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل اکانومی اینہانسمنٹ پراجیکٹ کے لئے بھی 3 ارب روپے سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے تاکہ ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔
بجٹ میں پہلی مرتبہ نیشنل اے آئی ایکو سسٹم ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے 18 کروڑ 50 لاکھ مختص کئے گئے ہیں، جسے ملک میں مصنوعی ذہانت کی تحقیق اور استعمال کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ،دوسری جانب بڑھتے سائبر خطرات کے پیش نظر سائبر سکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کے لئے 33 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ نیشنل سیمی کنڈکٹر ایچ آر ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 25 کروڑ روپے اور پاکاواز سیکیور موبائل کمیونیکیشن ایکو سسٹم کے لئے 10 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔حکومت نے دور دراز علاقوں میں ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ کے لئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلولر سروسز کی توسیع (فیز 4) کے لئے 29 کروڑ 88 لاکھ روپے مختص کئے ہیں، جبکہ سمارٹ اسلام آباد انیشیٹو کے لئے 25 کروڑ روپے اور آئی ٹی انڈسٹری کی بحالی کے لئے 1 ارب روپے مختص کئے گئے ،ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہوئے تو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، آئی ٹی برآمدات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو نمایاں فروغ مل سکتا ہے ، تاہم اصل چیلنج فنڈز کے مؤثر استعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل ہوگا۔