مبینہ پولیس مقابلے ،مزید2ملزم ہلاک،4 زخمی گرفتار
لاہورکے علاقہ کاہنہ میں شہزاد، گوجرانوالہ میں رضوان عرف جانا مارا گیا گوجرانوالہ 3،ساہیوال میں ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا،ہسپتال منتقل
لاہور،کاہنہ،گوجرانوالہ،چیچہ وطنی(کرائم رپورٹرز،نمائندگان دنیا )صوبائی دارالحکومت اور دیگر شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں مزید 2 ملزم ہلاک،4کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقہ کاہنہ میں پنجو روڈ پر پولیس سے مبینہ مقابلے میں ڈکیتی کا ملزم شہزاد عرف شادی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم ریکارڈ یافتہ اور ڈکیتی و چوری سمیت 80 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ ادھر گوجرانوالہ میں تھانہ فیروزوالہ کے علاقے میں پولیس سے مبینہ مقابلے میں ملزم رضوان عرف جانا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ملزم راہزنی اور منشیات کے 20 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ہلاک ملزموں کی لاشوں کو مردہ خانے منتقل کرکے ساتھیوں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ادھر مبینہ مقابلوں کے بعد تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس نے راہزنی و چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزم محمد مٹھو،تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے ملزم وقاص عرف وکی، تھانہ باغبانپورہ پولیس نے ملزم شفیق خان جبکہ ساہیوال میں پولیس تھانہ سی سی ڈی نے ملزم عرفان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے ۔ دریں اثناء پولیس تھانہ شاہکوٹ سے چک نمبر 18چودہ ایل کے قریب مقابلہ کے دوران 25 اپریل کو زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ڈکیتی کا ملزم محمد ارشاد بلوچ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں آپریشن کے دوران دم توڑ گیا ۔ پولیس نے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔