اسلام آباد جیل ایف سی ہیڈ کوار ٹرز سمیت وزارت داخلہ کا21ارب سے زائد کا ترقیاتی بجٹ

اسلام  آباد  جیل  ایف  سی  ہیڈ کوار ٹرز  سمیت  وزارت  داخلہ  کا21ارب  سے  زائد کا  ترقیاتی  بجٹ

15ارب 22جاری منصوبوں، 6ارب 9نئے پراجیکٹس، 1ارب آئی سی ٹی ماڈل جیل، 40کروڑ ایس پی یو کیلئے رکھے گئے منصوبوں میں ایف سی ہیڈکوارٹرز بلوچستان، تربت ہسپتال، سکیورٹی و بارڈر مینجمنٹ، پاسپورٹ بائیومیٹرک اپگریڈیشن شامل اسلام آباد پینے کا پانی فراہمی، سڑکیں اپگریڈیشن، بنی گالہ سیوریج نظام، ریونیو سنٹرز، پارلیمنٹیرینز فیملی سوئٹس تعمیر کیے جائینگے

اسلام آباد (ماہتاب بشیر) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27کے دوران وزارت داخلہ کے جاری اور نئے منصوبوں کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت اکیس ارب روپے سے زائد مختص کیے ہیں۔ بجٹ دستاویز کے مطابق، بائیس جاری منصوبوں کیلئے پندرہ ارب سات سو ننانوے کروڑ نوے لاکھ روپے ، نو نئے منصوبوں کیلئے چھ ارب پچیس کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد ایچ-16 میں زیرِ تعمیر ماڈل جیل کی تعمیر میں تیزی اور بروقت تکمیل کیلئے 1,000 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ منصوبے کی کل لاگت 7,399 ملین روپے ہے جس میں سے 4,738.951 ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ یکم جولائی 2026 تک بقایا لاگت کا تخمینہ 2,660.049 ملین روپے لگایا گیا ہے ۔ حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 2026-27 کے تحت اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس کے اندر سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے قیام کیلئے زمین کے حصول اور فزیبلٹی سٹڈیز کے نئے منصوبے کیلئے 40 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔

اس میں زمین کا حصول اور فزیبلٹی سٹڈیز کیلئے کنسلٹنسی فرموں کی خدمات حاصل کرنا شامل ہے ۔ منصوبے کی تخمینہ لاگت 941 کروڑ 29 لاکھ 84 ہزار روپے ہے ۔ سکیم کی منظوری نہ ہونے سے کوئی اخراجات نہیں ہوئے ، حکومت نے 2026-27 میں منصوبے کیلئے 40 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ نئے منصوبوں میں ایف سی ہیڈکوارٹرز بلوچستان (مغرب) رہائش کی تعمیر، سیکٹر ایچ-11، اسلام آباد میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کا قیام، ایف سی بلوچستان نارتھ کے تحت تین ونگز اور انیس بارڈر آؤٹ پوسٹس (بی او پیز) کی تعمیر، ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے تحت دو ونگز اور دس بی او پیز اور تربت میں ایک سو بیس بستروں کے ہسپتال کی تعمیر، خواجہ خیل، باغ میدان، شین قمر، خیبر ضلع اور ہڈ امبر /کھپخ مہمند ضلع میں پانچ ونگ ہیڈکوارٹرز کیلئے رہائش کی تعمیر، سکیورٹی اور بارڈر مینجمنٹ کی بہتری کیلئے بیس بارڈر آؤٹ پوسٹس (ایف سی کے پی نارتھ) کی تعمیر، پانچ ونگ ہیڈکوارٹرز اور بیس بی او پیز (ایف سی کے پی ساؤتھ) کی تعمیر، پانچ نئے ونگز کے قیام - ونگ ہیڈکوارٹرز اور رہائش کی تعمیر (چار ونگز) ایف سی بلوچستان نارتھ اور ایک ونگ - ایف سی بلوچستان ساؤتھ) اور مارجلا ایونیو لنک روڈ تا ایم-1 شامل ہیں۔

جاری منصوبوں میں پاسپورٹ درخواست کیلئے بائیو میٹرک شناختی نظام کی اپ گریڈیشن (آئی اینڈ پی، ہیڈکوارٹرز اسلام آباد) (نظرثانی شدہ)، انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (فیز-2)، سیف سٹی اسلام آباد کی توسیع، آئی سی ٹی کے دیہی علاقے میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم فیز-2، اسلام آباد، آئی سی ٹی ایگریکلچر کمپلیکس جی-11/4 میں لفٹ کی تنصیب، یوسی گولڑہ ، شاہ اللہ دتہ اور سرائے خربوزہ میں سڑکوں کی بحالی، آئی سی ٹی کی دیہی سولہ یوسیز میں پینے کے پانی کی فراہمی، سڑکوں کی بحالی و اپ گریڈیشن، فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ہول سیل مارکیٹ آئی-11/4 کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی و اپ گریڈیشن، آئی سی ٹی شمسی توانائی کے ہائی ایفیشنسی آبپاشی نظام کے ذریعے پیداواری صلاحیت میں اضافہ، بنی گالہ میں سیوریج سسٹم، ترنول اور سہالہ ریونیو سینٹرز کی تعمیر، ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ (کمپوننٹ-3-نادرا)، ایف سی او این ہیڈکوارٹرز پشاور میں دفتر اور ٹروپس رہائش گاہوں کی بارک آؤٹ پوسٹس کے ساتھ تعمیر، سندھ میں تیرہ علاقائی پاسپورٹ دفاتر کیلئے عمارتوں کی تعمیر، غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی اور معاون سہولیات (نظرثانی شدہ)، کورنگ ندی، راول جھیل اور ان کے علاقوں کیلئے تین سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس و سیوریج سسٹم کی تعمیر (فیز-1) (نظرثانی شدہ)، ارکان پارلیمنٹ کیلئے اضافی فیملی سوئٹس بشمول جی-5/2، اسلام آباد میں پانچ سو ملازمین کیلئے کوارٹرز کی تعمیر، آئی سی ٹی پولیس اسلام آباد کے اندر چینج مینجمنٹ یونٹ کا قیام، نیشنل پولیس ہسپتال، اسلام آباد، این ایف اے کیلئے بین الاقوامی معیار کی جدید فرانزک سہولیات کی تعمیر شامل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں