وزارت مذہبی امور کیلئے 2ارب،3کروڑ،69لاکھ مختص کرنیکی تجویز
وزارت نے تنخواہوں ، اخراجات کیلئے 2ارب،9کروڑ،14لاکھ روپے طلب کیے تھے پی ایس ڈی پی کے تحت لاہور میں حاجی کیمپ کی تعمیر کیلئے 31 کروڑ 15 لاکھ روپے مختص
اسلام آباد(سیدقیصر شاہ ) وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مالی سال 2026-2027 کے وفاقی بجٹ میں اپنے اخراجات اور تنخواہوں کی ادائیگیوں کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب 9 کروڑ 14 لاکھ 58 ہزار روپے کی گرانٹ کا مطالبہ کیا ہے جس کے تحت مذہبی امور کے شعبے کے لیے سب سے زیادہ یعنی 2 ارب 3 کروڑ 69 لاکھ 58 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔ ہسپتال سروسز کے لیے 5 کروڑ 35 لاکھ روپے اور پبلک ہیلتھ سروسز کے لیے 10 لاکھ روپے کی رقم مانگی گئی ہے ۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق اس مختص کردہ مجموعی رقم میں سے ملازمین کے اخراجات(تنخواہوں اور الائونسز)کی مد میں 1 ارب 11 کروڑ 62 لاکھ 68 ہزار روپے خرچ کیے جائیں گے جس میں افسران کی تنخواہ کے لیے 18 کروڑ 46 لاکھ 36 ہزار روپے اور دیگر عملے کی تنخواہ کیلئے 25 کروڑ 26 لاکھ 10 ہزار روپے شامل ہیں جبکہ ریگولر اور دیگر الائونسز کی مد میں بالترتیب 59 کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار روپے اور 8 کروڑ 80 لاکھ 32 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں وزارت کے آپریٹنگ اخراجات کے لیے 80 کروڑ 49 لاکھ 86 ہزار روپے ، ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے فوائد کے لیے 2 کروڑ 61 لاکھ 19 ہزار روپے ، گرانٹس، سبسڈیز اور قرضوں کی معافی کے لیے 6 کروڑ 34 لاکھ 5 ہزار روپے ، ٹرانسفرز کی مد میں 5 کروڑ روپے اور مرمت و دیکھ بھال کیلئے 3 کروڑ 37 لاکھ 40 ہزار روپے طلب کیے گئے ہیں ۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت کی طرف سے جاری پی ایس ڈی پی کے مطابق لاہور میں حاجی کیمپ کی تعمیر کے لئے 31 کروڑ 15 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔