وفاقی بجٹ ’’وشز سرکل‘‘، عوام آزار ثابت ہوگا،جے یو آئی

وفاقی بجٹ ’’وشز سرکل‘‘، عوام آزار ثابت ہوگا،جے یو آئی

بجٹ امیروں کے مفادات کا محافظ، آئی ایم ایف شرائط پرسر تسلیم خم کر لیا گیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، قائد سندھ راشد محمود سومرو، نائب امرا مولانا محمد صالح الحداد، سراج احمد شاہ امروٹی، مولانا  عبدالمجیب قریشی، قاری محمد عثمان، صوبائی نظما مولانا محمد صالح انڈر، مولانا عبدالملک ٹالپر، مولانا محمد رمضان پھلپوٹو، مولانا محمد اسحاق لغاری، ناظم نشر و اشاعت ڈاکٹر عبدالغنی انصاری، مولانا محمد غیاث، سلیم سندھی، سمیع الحق سواتی، محمد رفیق سومرو، ایڈووکیٹ غلام سرور بلیدی، فتح محمد میری اور مولانا عبدالحمید مہر نے وفاقی بجٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ دراصل بجٹ وشز سرکل بن کر رہ گیا ہے اور عوام دوست کے بجائے عوام آزار ثابت ہوگا۔

جے یو آئی رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکمرانوں کو اپنی عیاشی اور غیر ضروری اخراجات کم کرنے چاہئیں، بجٹ میں عوامی بنیادی ضروریات کے بجائے حکومتی خواہشات اور دعووں کو ترجیح دی گئی ہے ۔ راشد سومرو نے کہا یہ بجٹ امیروں کے مفادات کا محافظ ہے جبکہ غریب اور متوسط طبقے کو کوئی حقیقی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط کے سامنے سر تسلیم خم کر لیا ہے ، عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، علاج، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے بھی بجٹ میں خاطر خواہ اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔

مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے کہا عوام مسلسل ٹیکس ادا کرتے کرتے تھک چکے ہیں، لیکن حکمران طبقہ اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے مزید بوجھ عوام پر منتقل کر رہا ہے ، ٹیکس دہندگان کو نئے ٹیکسوں کے ذریعے سزا دی جا رہی ہے جبکہ سرکاری وسائل کا بڑا حصہ غیر ضروری اخراجات کی نذر ہو جاتا ہے ۔رہنماؤں کا مزید کہنا تھا روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث نوجوان مایوسی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے فقدان اور کمیشن کلچر کی وجہ سے عوام کو حقیقی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں عوام کی بنیادی ضروریات، روزگار، تعلیم، صحت اور مہنگائی کے خاتمے کو ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے کہا بجٹ کا محور روٹی، کپڑا، علاج، تعلیم اور عوامی فلاح ہونا چاہیے ، نہ کہ اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں