آندھی اور بارش:حادثات میں 5 افراد جاں بحق، 45 زخمی
بنوں میں 4 افراد ، فیصل آباد میں کمسن بچی نے دم توڑا، تمام زخمی ہسپتال منتقل کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند ،پختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ
لاہور،فیصل آباد،پشاور،بنوں (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک )ملک کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی اور بارش، دیواریں اور چھتیں گرنے سمیت دیگر حادثات کے دوران کمسن بچی سمیت 5افراد جاں بحق،45زخمی ہو گئے ،فیصل آباد میں فیسکو کے 400 سے زائد فیڈر ز بھی ٹرپ کر گئے جس سے بیشتر علاقوں میں گھنٹوں بجلی بندرہی،متعدد علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب، کشمیر،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔
سب سے زیادہ بارش جوہرآباد 72، حافظ آباد 44، نورپور تھل 43،کوٹلی 26، قصور، شیخوپورہ 22، راولاکوٹ 19، گوجرانوالہ 16، مظفرآباد (ایئرپورٹ 15، سٹی 11)،سرگودھا 13، جھنگ 12، فیصل آباد 9، لاہور (سٹی، ایئرپورٹ 2)، نارووال میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔علاوہ ازیں فیصل آباد میں تیز آندھی اور بارش کے دوران درخت ،گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے 7 واقعات میں 15 افراد زخمی ہوگئے جبکہ محلہ غازی آباد گلی نمبر5 میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر محمد عمر کی اڑھائی سالہ بیٹی عزا فاطمہ زندگی کی بازی ہار گئی ۔متوفیہ کا والد، والدہ شکیلہ بانو، بھائی صفدر اور ارم بی بی زخمی ہو گئے ۔
ریسکیو اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا ۔ جھنگ شہر اور نواحی علاقہ منڈی شاہ جیونہ میں طوفانی آندھی اور بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ ادھر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث مختلف مقامات پر دیواریں، مکانات اور دکانیں گرنے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے ۔ ڈی آئی خان میں کئی مقامات پر درخت جڑ وں سے اکھڑ گئے ، بجلی کے پول گرنے سے کئی فیڈر ٹرپ کر گئے ، مختلف حادثات میں 5 افراد زخمی ہوئے ۔ جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
دوسری طرف لاہور میں لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں فیڈر ٹرپ کرنے سے بھی کئی علاقوں میں بجلی معطل رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ، پنجاب بھر میں گرد آلود ہواؤں اور بارش برسانے والا کمزور سسٹم موجود ہے ۔ آج گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے تاہم بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے ۔ ادھر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے )خیبر پختونخوا نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے کہ متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہیں۔