اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے میں مثبت رجحان، انڈیکس 1.10فیصد بڑھا

اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے میں مثبت رجحان، انڈیکس 1.10فیصد بڑھا

ایک ہفتے کے دوران 1921پوائنٹس کا اضافہ، مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی بڑھ گئی سرمایہ کاروں کی بینکنگ، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس، شپنگ حصص میں نمایاں دلچسپی

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مختلف بڑے شعبوں میں خریداری کے رجحان کے باعث کاروباری ہفتے کے دوران مثبت رجحان برقرار رہا، جسکے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای100 انڈیکس ہفتہ وار بنیاد پر 1.10 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 72 ہزار 400 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر ایک ہزار 921 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے بینکنگ، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس اور شپنگ سیکٹر کے حصص میں نمایاں دلچسپی دیکھی گئی، جس نے مجموعی مارکیٹ کی کارکردگی کو سہارا فراہم کیا، رپورٹ کے مطابق مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ایک ہفتے کے دوران فہرست شدہ کمپنیوں کی مجموعی مالیت 192 ارب روپے بڑھ کر 19 ہزار 120 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کا رجحان حالیہ وفاقی بجٹ، معاشی استحکام کی توقعات اور بعض شعبوں میں بہتر مالی نتائج کی پیش گوئی سے منسلک ہے ، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بینکنگ سیکٹر کے حصص میں سرمایہ کاری کا رجحان شرح سود اور منافع بخش امکانات کے باعث برقرار رہا، جبکہ سیمنٹ سیکٹر میں ترقیاتی سرگرمیوں اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ توقعات نے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کی۔ اسی طرح آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے حصص میں عالمی توانائی قیمتوں اور مقامی پالیسی توقعات کے باعث سرگرمی دیکھی گئی، جبکہ شپنگ سیکٹر بھی نمایاں کارکردگی دکھانے والے شعبوں میں شامل رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں