خاتون سے زیادتی اور قتل کے مجرم کی سزائے موت برقرار
گھناؤنے جرم میں ہاتھ ڈالنے والے کو مثالی سزا ملنی چاہئے :لاہور ہائیکورٹ
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے خاتون سے زیادتی کے بعد اس کو آگ لگا کے قتل کرنے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مجرم احمد کی سزائے موت کو برقرار رکھا ۔عدالت نے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ خاتون کی بغیر کسی جواز کے جان لینے والا ایسا شخص سزا میں نرمی کا مستحق نہیں ،ایسا فرد جو اس قدر گھناؤنے جرم میں ہاتھ ڈالے اسکو مثالی سزا ملنی چاہئے ،مجرم کو درست سزا سنائی گئی ،مجرم احمد کو ٹرائل کورٹ نے 2023 میں سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنائی ۔پراسیکیوشن کے مطابق مجرم نے نہر کے پاس لیکر جاکر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور نہر میں پھینک دیا ،خاتون نہر سے باہر نکل آئی تو مجرم نے موٹر سائیکل سے پٹرول نکال کر اس پر چھڑک دیا اور آگ لگا دی تھی۔عدالت نے مجرم کی اپیل خارج کر دی۔