خراب موسم:پاکستان کی 3 پروازیں بھارتی حدود میں داخل،بحفاظت واپس

 خراب موسم:پاکستان کی 3 پروازیں بھارتی حدود میں داخل،بحفاظت واپس

لاہور(آئی این پی )شدید خراب موسم کے باعث پاکستان کی 3 بین الاقوامی پروازیں بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوگئیں تاہم کچھ دیر وہاں رہنے کے بعد دوبارہ پاکستانی فضائی حدود میں بحفاظت واپس آگئیں۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں اچانک موسم کی شدید خرابی اور طوفانی صورتحال کے باعث فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا جس کے نتیجے میں لاہور سے جدہ جانیوالی فلائی ،دمام سے لاہور آنے والی ایئر سیال اورلاہور سے دبئی کی فلائی جناح کی پرواز کو فضائی تحفظ یقینی بنانے کیلئے عارضی طور پر بھارتی فضائی حدود کا استعمال کرنا پڑا۔ ایوی ایشن ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان پروازوں کا روٹ موسم کے باعث تبدیل کیا گیا اور یہ بھارتی فضائی حدود سے گزرنے کے بعد دوبارہ اپنے طے شدہ پاکستانی فضائی روٹ پر داخل ہوگئیں ،اس ہنگامی صورتحال کے دوران لاہور اور بھارتی شہر امرتسر کے ایئر ٹریفک کنٹرول حکام میں فوری اور قریبی رابطہ قائم ہوا۔ بین الاقوامی فضائی قوانین کے تحت دونوں ممالک کے کنٹرول ٹاورز کی مشترکہ کوآرڈی نیشن سے پروازوں کی محفوظ رہنمائی کی گئی جس کی بدولت تمام پروازیں ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں