بجٹ مسترد:کسان اتحاد کا حکومت کو 30 جون تک کا الٹی میٹم

 بجٹ مسترد:کسان اتحاد کا حکومت کو 30 جون تک کا الٹی میٹم

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کسان اتحاد نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کو 30جون تک کا الٹی میٹم دے دیا اور کہا ہے کہ کھاد اور ڈیزل پر سبسڈی کا اعلان نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاج شروع کر دیا جائے گا۔

اس حوالے سے چیئرمین پاکستان کسان  اتحاد خالد حسین باٹھ نے وفاقی بجٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بجٹ کو مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ بجٹ میں زراعت اور کسانوں کو نظر انداز کیا گیا جس سے کاشتکاروں میں شدید مایوسی ہوئی،وفاقی وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں کسان اور زراعت کا ذکر تک نہیں کیا جو زرعی شعبے اور کاشتکار برادری کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے ، سال 2027 کسانوں اور زراعت کی ترقی کا سال ثابت ہو سکتا ہے بشرطیکہ حکومت زرعی شعبے کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے ۔

خالد حسین باٹھ نے مزید کہا ہے کہ زراعت اور کسان کو نظر انداز کرنا درحقیقت ملکی معاشی ترقی کو نظر انداز کرنے کے برابر ہے ،کسانوں کو امید تھی بجٹ میں زرعی پیداوار کے ضروری پانچ بنیادی مداخل کھاد، پیسٹی سائیڈز، بیج، ڈیزل اور بجلی پر ریلیف دیا جائے گالیکن ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زرعی شعبے کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جائے ، حکومت 30 جون تک کھادوں اور ڈیزل پر سبسڈی سمیت کسانوں کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے بصورت دیگر ملک بھر کے کسان سڑکوں پر نکلیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں