شہید کیپٹن علی عامر سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک
پاک فوج کے چاق وچوبند دستے کی سلامی ، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر )میران شاہ سے بنوں جاتے ہوئے فوجی گاڑی حادثے کا شکار، کیپٹن علی عامر کورائی سمیت تین اہلکار شہید،ڈی جی خان کا سپوت شہید کیپٹن علی عامر کورائی فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک، ہزاروں سوگواروں کی شرکت،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی سلامی، گارڈ آف آنر پیش، صدرِ پاکستان سمیت اعلیٰ حکام کی جانب سے گلدستے رکھے گئے ،پاکستان کی سلامتی پر ہزاروں عامر علی کورائی بھی قربان کرنے پڑیں تو دریغ نہیں کروں گا، حاجی اﷲ بخش کورائی،تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی ایک گاڑی میران شاہ سے بنوں آ رہی تھی کہ راستے میں ٹائر پھٹنے کے باعث حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک افسر کیپٹن علی عامر کورائی سمیت دو جوان شہید ہوگئے ۔ شہداء میں شامل کیپٹن علی عامر کورائی کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا اور وہ شہر کی معروف کاروباری شخصیت، سینئر ممبر چیمبر آف کامرس حاجی اﷲبخش خان کورائی کے صاحبزادے تھے ۔شہید کیپٹن علی عامر کورائی کی نماز جنازہ ماڈل ٹاؤن سپورٹس سٹیڈیم میں ادا کر دی گئی جس میں سابق وزیر اعلیٰ سردار دوست محمد خان کھوسہ ،آر پی او محمد اظہر اکرم ، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ایم پی اے محمد حنیف پتافی، ڈی پی او صادق بلوچ، سول و عسکری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر افسروں اور فوجی جوانوں نے شہید کے جسد خاکی کو کندھا دیا اور ان کی وطن کے لیے خدمات اور قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔نماز جنازہ کے بعد شہید کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی پیش کی اور گارڈ آف آنر دیا۔